استنبول (24 اگست 2025): ترک خاتون اوّل امینہ اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا سے فلسطینی بچوں کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کی اپیل کر دی۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امینہ اردوان نے میلانیا ٹرمپ کے نام خط لکھا جس میں انہوں نے زور دیا کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے رابطہ کریں اور غزہ میں فلسطینی بچوں کی حالت زار پر آواز اٹھائیں۔
امینہ اردوان نے خط میں لکھا کہ وہ میلانیا ٹرمپ کے رواں ماہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو یوکرین اور روس میں بچوں کے بارے میں بھیجے گئے خط سے کافی متاثر ہوئیں۔
ترک خاتون اوّل نے لکھا کہ مجھے یقین ہے آپ نے یوکرینی بچوں کیلیے جن جذبات کا مظاہرہ کیا اسے غزہ تک بھی بڑھایا جائے گا۔
امینہ اردوان کا خط ترک ایوان صدر کی جانب سے شائع کیا گیا تاہم وائٹ ہاؤس نے اس پر فوری طور پر تبصرہ نہیں کیا۔
وہ خط میں مزید لکھتی ہیں کہ ان دنوں جب دنیا ایک اجتماعی بیداری کا تجربہ کر رہی ہے اور فلسطین کو تسلیم کرنا ایک عالمی عزم بن چکا ہے، مجھے یقین ہے غزہ کی جانب سے آپ کی کال فلسطینی عوام کے تئیں ایک تاریخی ذمہ داری کو پورا کرے گی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھوک کے عالمی مانیٹر نے اس بات کا تعین کیا کہ غزہ شہر اور آس پاس کے علاقے قحط کا شکار ہیں جبکہ اس کے مزید پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔
تاہم اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اس سے انکاری ہیں اور رپورٹ کو ’جھوٹ‘ قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی پالیسی ہے کوئی بھوک سے نہ مرے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/wH6Mz1i
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں