نوئیڈا (24 اگست 2025): بھارتی شہر گریٹر نوئیڈا میں خاتون کو شوہر اور سسرال والوں نے جہیز کے معاملے پر بے دردی سے قتل کر دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق خاتون کو اس کی بہن اور کم عمر بیٹے کے سامنے شوہر اور سسرال والوں نے بالوں سے گھسیٹا اور آگ لگا دی۔ اسپتال منتقل کرتے وقت مقتولہ کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کو پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔
خاتون کے بیٹے – جو واقعے کا عینی شاہد بھی ہے – نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے میری ماں پر کچھ ڈالا، اسے تھپڑ مارا اور لائٹر کے ذریعے اسے آگ لگا دی۔
واقے کی دو ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِ گردش ہیں۔ ایک ویڈیو میں ایک مرد اور کاتون کو مقتولہ پر حملہ کرتے ہوئے اور اس کے بالوں سے گھر سے باہر گھسیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دوسری ویڈیو میں خاتون کو آگ لگانے کے بعد سیڑھیوں سے لنگڑاتے ہوئے دکھایا گیا۔
مقتولہ کی شناخت نکی کے نام سے ہوئی جس کی بڑی بہن کنچن کی شادی بھی اسی گھر میں ہوئی ہے۔
کنچن نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس کی چھوٹی بہن کو اس کے شوہر وپن اور سسرال والوں نے 36 لاکھ روپے کے جہیز کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر قتل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جہیز کیلیے ہمیں پچھلے کئی دنوں سے مارا پیٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جہیز میں 36 لاکھ روپے مانگ رہے تھے انہوں نے میری بہن پر ظلم کیا۔
گریٹر نوئیڈا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (اے ڈی سی پی) سدھیر کمار نے کہا کہ 21 اگست کو ہمیں فورٹس اسپتال سے ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ جھلسنے والی ایک خاتون کو داخل کیا گیا ہے اور اسے صفدر جنگ اسپتال ریفر کیا گیا، پولیس فوری طور پر صفدر جنگ اسپتال کیلیے روانہ ہوئی لیکن ٹیم کے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
مقتولہ کی بڑی بہن کنچن کا مزید کہنا تھا کہ ان کے سسرال والے چاہتے تھے کہ ان کی بہن چلی جائے تاکہ وپن کی دوسری شادی ہو سکے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کرایا گیا ہے، نکی اور وپن کی شادی 2016 میں ہوئی تھی اور جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/3Q8vLRj
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں