نئی دہلی : بھارت میں امتحان تنازع کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر گزشتہ 18 دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے سماجی کارکن سونم وانگچک کی صحت مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے۔
بالی ووڈ انڈسٹری کی مشہور فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے کردار رانچو سونم وانگچک کے حقیقی محرک، انجینئر، ماہر تعلیم اور ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال 17ویں روز میں داخل ہوگئی ہے، جبکہ طویل فاقے کے باعث ان کی صحت کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔
59سالہ سونم وانگچک 28 جون سے نئی دہلی کے جنتر منتر پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں، وہ جینزی کی قیادت میں قائم "کاکروچ جنتا پارٹی” (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دیپکے کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق مسلسل بھوک ہڑتال کے باعث سونم وانگچک کی صحت نمایاں طور پر متاثر ہوئی ہے۔ احتجاجی تنظیم کے مطابق ان کا وزن تقریباً 8.5 کلوگرام کم ہو چکا ہے اور وہ مسلسل ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔
اس کے باوجود وانگچک نے واضح کیا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے تک وہ چھ ہفتوں تک بھی بھوک ہڑتال جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ احتجاج وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف حالیہ عرصے میں ہونے والے نمایاں عوامی مظاہروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب مئی میں قائم ہونے والی کاکروچ جنتا پارٹی نے سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے اور انسٹاگرام پر اس کے لاکھوں فالوورز بن چکے ہیں۔
احتجاج کے دوران ایک اور نوجوان بھوک ہڑتالی کی طبیعت بگڑنے اور بے ہوش ہونے کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد سونم وانگچک کی صحت سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
متعدد اپوزیشن رہنماؤں اور شوبز شخصیات نے سونم وانگچک سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی صحت کے پیش نظر بھوک ہڑتال ختم کر دیں، تاہم بھارتی وزارتِ تعلیم نے اب تک مظاہرین کے مطالبات پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔
یاد رہے کہ لداخ سے تعلق رکھنے والے سونم وانگچک دنیا بھر میں اس وقت مشہور ہوئے جب ان کی شخصیت سے متاثر ہو کر 2009 کی سپرہٹ فلم ’تھری ایڈیٹس‘ میں عامر خان کے یادگار کردار رانچو کو تخلیق کیا گیا۔ وہ پائیدار تعلیمی نظام، اختراعی منصوبوں اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/YlhIRnb
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں