ریاض : سعودی عرب نے ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر 3 افریقی ممالک کے لیے نئی سفری پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ مملکت کے شہریوں کے جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان کے سفر پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سعودی حکام نے ان ممالک سے آنے والے افراد کے لیے ہر قسم کے ویزوں کے اجرا اور مملکت میں داخلے کو بھی معطل کر دیا ہے، یہ اقدامات ایبولا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق نئی پابندیاں ان مسافروں پر بھی لاگو ہوں گی جو کسی تیسرے ملک کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں لیکن مملکت میں داخلے سے قبل گزشتہ 21 دنوں کے دوران ان تین متاثرہ ممالک میں قیام کر چکے ہوں۔

سعودی پبلک ہیلتھ اتھارٹی ’وقایہ‘ نے کہا ہے کہ مملکت کا صحت سے متعلق نگرانی اور ردعمل کا نظام مسلسل فعال ہے اور قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کی صحت کو محفوظ بنایا جاسکے۔
ادارے کے مطابق یہ اقدامات معمول کی احتیاطی حکمت عملی کا حصہ ہیں جن کا مقصد بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنا اور عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
وقایہ کے مطابق سعودی عرب نے اس سے قبل بھی وبا سے متاثرہ علاقوں کے پڑوسی ممالک، جن میں روانڈا، برونڈی، تنزانیہ اور جمہوریہ کانگو (برازاویل) شامل ہیں، سے آنے والے مسافروں کے لیے اضافی احتیاطی اقدامات نافذ کیے تھے۔
وقایہ حکام نے واضح کیا کہ مملکت میں مجموعی صحت عامہ کی صورتحال مستحکم ہے اور 2019 کے بعد سے اب تک ایبولا وائرس کا کوئی مصدقہ یا مشتبہ کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ ایبولا وائرس 1967 میں جمہوریہ کانگو میں دریافت ہوا تھا، عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس کے کیسز میں اموات کی شرح تقریبا 50 فیصد ہے، اب تک اس وبا سے تقریبا 15 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/2SLoPwl
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں