حیدرآباد : بھارتی شہر کی مصروف شاہراہ پر انتہائی خطرناک اور لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شخص نے کار کی ڈگی میں موجود معصوم بچوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نیلے رنگ کی کار برق رفتاری سے سڑک پر دوڑ رہی ہے جبکہ کار کی ڈگی آدھی کھلی ہوئی ہے اور اس کے اندر تین چھوٹے بچے بغیر کسی حفاظتی اقدام کے بیٹھے ہوئے ہیں۔
ویڈیو نے دیکھنے والوں کو خوفزدہ کر دیا کیونکہ گاڑی کی رفتار اس قدر تیز تھی کہ معمولی سا جھٹکا یا اچانک بریک بھی کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتا تھا، حیران کن طور پر ڈرائیور نے بچوں کی جانوں کی پرواہ کیے بغیر گاڑی دوڑانا جاری رکھا۔
ذرائع کے مطابق پیچھے آنے والی ایک گاڑی میں موجود شہریوں نے اس خطرناک منظر کو اپنے موبائل کیمرے میں محفوظ کیا، جس کے بعد ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سائبر آباد پولیس حرکت میں آگئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے نمبر پلیٹ کی مدد سے مالک کا سراغ لگا لیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق کار کی ڈگی میں سفر صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ بچوں کی جانوں کو دانستہ خطرے میں ڈالنے کے مترادف سنگین جرم بھی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے والدین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آؤٹر رنگ روڈ جیسی شاہراہوں پر گاڑیوں کی رفتار اکثر 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوتی ہے، اس لیے بچوں کی حفاظت میں معمولی غفلت بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ صرف تفریح یا جگہ کی کمی کی وجہ سے بچوں کو گاڑی کی ڈگی میں بٹھانا انتہائی خطرناک عمل ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے پولیس کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو ایسی عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی شخص معصوم جانوں کو اس طرح خطرے میں ڈالنے کی جرأت نہ کرسکے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/pBaRZhm
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں