واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو شیطانی سلطنت قرار دے دیا اور کہا تیل کی قیمتیں جلد ہی بہت کم ہوں گی اوراس قدر کمی کا کسی کو گمان بھی نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی نے توانائی کی منڈی میں ہلچل مچا دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں ایران کو ‘شیطانی سلطنت’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو ایٹمی طاقت بننے اور مشرقِ وسطیٰ سمیت دنیا کو تباہی سے روکنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تیل کی بڑھتی قیمتیں امریکا کے لیے بھاری منافع کا ذریعہ ہیں تاہم تیل کی قیمتیں جلد ہی اس حد تک کم ہوں گی جس کا کسی کو گمان بھی نہیں ہوگا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ 32 ممالک کی جانب سے اپنے تیل کے ذخائر مارکیٹ میں لانے کے فیصلے سے قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا آبنائے ہرمز کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ عالمی سپلائی متاثر نہ ہو۔
دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ نے سمندر میں موجود روسی تیل کی خریداری کی عارضی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد سپلائی چین کو سہارا دینا ہے۔
امریکی اقدامات کے جواب میں ایرانی فوج نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا 200 ڈالر فی بیرل خام تیل خریدنے کے لیے تیار رہے۔
ایرانی حکام کا دعویٰ ہے کہ امریکا تیل کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام رہے گا اور وہ امریکا، اسرائیل یا ان کے اتحادیوں تک تیل کا ایک لیٹر بھی نہیں پہنچنے دیں گے۔
ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مفادات کو نقصان پہنچا تو وہ تیل کی عالمی ترسیل کو روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/a5YSx7g
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں