کیٹرنگ : موٹر وے پر خطرناک انداز میں اوور ٹیک کرنے کی کوشش کرنے والی کار عین سڑک کے بیچ میں ٹرک سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی ایک مصروف شاہراہ پر ایک خطرناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک لال رنگ کی کار نے بڑے ٹرک کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی، مگر لمحوں میں یہ کوشش ایک خوفناک تصادم میں بدل گئی۔
ڈیش کیم فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ کار دو بڑے تیز رفتار ٹرکوں کے درمیان نہایت تیز رفتاری اور کم فاصلے پر چل رہی تھی۔ جیسے ہی ایک ٹرک نے اچانک لین تبدیل کی، اس کا کونا کار سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کار گھومتی ہوئی سڑک کے درمیان جا پہنچی اور مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
حادثے کے وقت ٹریفک عام رفتار سے رواں دواں تھا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی اور گاڑی پیچھے سے نہیں آئی ورنہ صورتحال اس سے زیادہ افسوسناک ہوجاتی۔
کار ڈرائیور کی ذرا سی لاپرواہی نے نہ صرف اپنی جان بلکہ دیگر گاڑیوں کو بھی شدید خطرے میں ڈال دیا تھا، خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، مگر گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
مقامی ٹریفک پولیس کے مطابق حادثے کی تفتیش جاری ہے اور کار ڈرائیور کے خلاف خطرناک ڈرائیونگ کے الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں۔
حکام نے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ وہ موٹر وے پر لین بدلتے یا اوور ٹیک کرتے وقت مناسب فاصلہ اور رفتار کا خاص خیال رکھیں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/Qd9H184
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں