واشنگٹن(19 اگست 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے معاونین پر زور دیا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے جلد از جلد ملاقات کے انتظامات کریں۔
امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے نجی طور پر کم جونگ اُن کے ساتھ براہِ راست ملاقات کا انتظام کرنے سے متعلق بات کی ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات رواں سال نومبر میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے اجلاس کے موقع پر متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی آخری ملاقات 30 جون 2019 کو دونوں کوریا کے درمیان واقع غیر فوجی زون کے گاؤں پنمنجوم میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر ٹرمپ نے مختصر طور پر شمالی کوریا کی سر زمین پر قدم رکھا تھا، اور وہ ایسا کرنے والے پہلے برسرِ منصب امریکی صدر بنے تھے۔
اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان جون 2018 میں سنگاپور اور فروری 2019 میں ہنوئی میں باضابطہ سربراہی ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔
تاہم، ان تمام ملاقاتوں کے باوجود کوئی مستقل معاہدہ طے نہیں پا سکا تھا جس میں شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا بھی شامل تھا، اور اس کے برعکس شمالی کوریا نے اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں مسلسل اضافہ کیا ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/5ClP18R
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں